ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت دینے کیلئے سائنز پینٹ ہونے لگے
لاہور( کرائم رپورٹر )لاہور میں ٹریفک سیفٹی کے لیے روڈ مارکنگ کے انداز میں تبدیلی کا عملی آغاز کر دیا گیا ہے۔ٹیپا کی جانب سے جیل روڈ پر پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سڑک کی سطح پر مختلف ٹریفک ہدایات نمایاں کرنے کا کام شروع کر دیا گیا۔نئی مارکنگ میں ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت دینے کے لیے ‘‘ سپیڈ لمٹ 30’’ اور ‘‘سلوڈائون’’ سمیت دیگر پیغامات سڑک پر پینٹ کیے جا رہے ہیں۔خاص طور پر تعلیمی اداروں اور کالج زونز میں 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی حد کی نشاندہی سڑک پر بھی کی جائے گی، تاکہ ڈرائیور کو متعلقہ زون میں داخل ہوتے ہی رفتار کی حد واضح طور پر نظر آ سکے۔اب تک رفتار سے متعلق ہدایات عموماً روڈ سائنز اور سائن بورڈز کے ذریعے دی جاتی رہی ہیں، تاہم نئے طریقہ کار میں سڑک کی سطح کو بھی ٹریفک آگاہی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔جیل روڈ پر جاری پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اس روڈ مارکنگ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی تجویز ہے۔پائلٹ منصوبہ کامیاب ہونے کی صورت میں لاہور کی دیگر اہم شاہراہوں، بالخصوص مختلف تعلیمی اور حساس ٹریفک زونز میں بھی سپیڈ لمٹ اور سلو ڈائون کی ہدایات سڑکوں پر نمایاں کی جائیں گی۔