ایل ڈی اے کا جعلی ملازم گرفتار

شہریوں کو جھانسہ دے کر رقم اور موبائل لوٹنے والا نوسر باز شکنجے میں آگیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) ستوکتلہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نوسر باز کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم خود کو ایل ڈی اے کا ملازم ظاہر کرتا اور شہریوں کو مختلف بہانوں سے جھانسہ دے کر نقد رقم اور موبائل فون لے کر رفوچکر ہوجاتا تھا۔ انچارج چوکی پنجاب سوسائٹی ستوکتلہ کو اطلاع ملی تو پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم شہریوں کو جعلی نوٹس تھما کر ان سے رقم بٹورتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد قاسم خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے انچارج چوکی پنجاب سوسائٹی ستوکتلہ اور ان کی ٹیم کو بروقت کارروائی پر شاباش دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک گروہ کے ساتھ ملوث ہوسکتا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ نوسر بازوں کا نیٹ ورک ختم کیا جا سکے۔