پاکستان اسٹاک ایکسچینج 1,49,000 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج 1,49,000 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز (منگل) بھی مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ ٹریڈنگ کے آغاز پر ہی سرمایہ کاری کے بڑے سودے دیکھنے کو ملے جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس نے نئی بلندی کو چھو لیا اور پہلی بار 1 لاکھ 49 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 900 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 49 ہزار 185 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر بینکنگ، آئل اینڈ گیس اور ٹیکنالوجی سیکٹرز میں نمایاں رہی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز (پیر) کاروبار کے اختتام پر بھی اسٹاک مارکیٹ نے تاریخی ریکارڈ قائم کیا تھا، جب ہنڈرڈ انڈیکس 1704 پوائنٹس کے بڑے اضافے کے بعد 1 لاکھ 48 ہزار 196 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں، روپے کے استحکام اور عالمی مارکیٹ کے مثبت اثرات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھایا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں مزید بہتری دیکھنے کو ملے گی۔