خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ

پشاور: اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی اور کاکسز کے قیام پر کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

کامن ویلتھ پارلیمنٹری کانفرنس جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں منعقد ہوئی، جس میں 180 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی کی جانب سے خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق کے حوالے سے کیے گئے اقدامات، قانون سازی اور متعلقہ کاکسز کے قیام کو سراہا گیا۔اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو ایوارڈ دیا گیا، تاہم ان کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی احمد کنڈی نے ایوارڈ وصول کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احمد کنڈی نے کہا کہ بابر سلیم سواتی کو کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایوارڈ ملنا خیبرپختونخوا اور پاکستان کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے ایوان میں اسپیکر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابر سلیم سواتی نے تمام ارکان کو متحد رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔احمد کنڈی کا کہنا تھا کہ ارکان کے باہمی تعاون اور متحد ہونے کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی میں متعدد اہم قانون سازی اتفاق رائے سے منظور کی گئی۔انہوں نے کہا کہ خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی اور کاکسز کا قیام صوبائی اسمبلی کی جانب سے ان طبقات کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔