سعودی ریاض میں تینوں بالی وڈ خانز کا شاندار اسٹیج شو

سعودی ریاض میں تینوں بالی وڈ خانز کا شاندار اسٹیج شو

ویب ڈیسک: سعودی دارالحکومت ریاض میں جوئے فورم کے اسٹیج پر بالی وڈ کے تینوں بادشاہ یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے، جس سے وہاں موجود مداحوں کا جوش آسمان کو چھونے لگا۔

 یہ نایاب منظر تھا جس کے لیے مداح برسوں سے آرزو مند تھے اور شاذ و نادر ہی ایسا موقع آتا ہے جب یہ تینوں خانز ایک ساتھ کسی سٹیج پر نظر آئیں۔ریاض کے ایک خاص سٹیج پر، جب مداحوں کے شدید اصرار پر عامر خان نے اپنی کسی مقبول فلم کا گانا گنگنایا، تو وہاں موجود ہر شخص خوشی سے جھوم اٹھا۔ اس موقع پر، عامر خان کے پیچھے شاہ رخ اور سلمان خان نے بیک اپ بوائز کا کردار ادا کیا اور نہ صرف تالیوں سے عامر کا ساتھ دیا بلکہ خوب داد بھی دی۔

تینوں سپر اسٹارز نے اپنی فلموں، کرداروں اور ماضی کی یادوں کا تڑکا لگایا، شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات سنائے اور شرارتوں سے بھرپور کہانیاں سناتے ہوئے ہال کو قہقہوں سے گونجایا۔ اس خوبصورت لمحے میں، انہوں نے سعودی عرب میں اس پذیرائی کے لیے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور مداحوں سے وعدہ کیا کہ آئندہ بھی ایسے پروگراموں میں شرکت کے لیے آتے رہیں گے۔