ملزمہ پھر پیش نہ ہوئی،ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 11ویں بار جاری، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر کے وارنٹ گرفتاری
راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ) راولپنڈی انسداد دہشت گردی میں علیمہ خان کی پنجاب میں جائیدادوں سے متعلق رپورٹ پیش کردی گئی۔راولپنڈی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے 26نومبر احتجاج پر علیمہ کے خلاف تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ کی سماعت کی، ملزمہ عدالت پیش نہ ہوئی،ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 11ویں بار جاری کر دیے گئے۔علیمہ خان کی پنجاب میں جائیدادوں سے متعلق بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ عدالت پیش کی گئی، علیمہ خان بھکر میں 51کنال،16مرلے پراپرٹی کی مالکن ہیں، لاہور کے موضع میاں میر میں 1کنال 4مرلے، موضع نور پور میں1کنال 1مرلہ پراپرٹی کی مالکن ہیں۔علیمہ موضع سلطان رائے ونڈ میں بھی 64کنال 14مرلے کی مالکن ہیں، ضلع میانوالی میں 217کنال5مرلے کی مالکن ہیں، شیخوپورہ میں 4کنال،13مرلے کی مالکن ہیں، 4اضلاع میں علیمہ 338کنال اراضی کی مالکن ہیں۔دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ علیمہ خان کی جائیداد کی تفصیلات اشتہاری قرار دینے سے قبل منگوائی گئی، اشتہاری ہونے پر جائیداد سیز یا اٹیچ کی جا سکتی ہے، ملزمہ مسلسل غیر حاضر رہی تو قانون کے مطابق یہ کارروائی کی جا سکتی ہے۔پراسیکیوٹر ظہیر نے مزید کہا کہ ملزمہ کے پہلے سے بھی 15اکائونٹ منجمدہیں، عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے۔چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری عدالتی احکامات پر عدم عملدرآمد پر جاری کئے گئے، چیئرمین سی ڈی اے،چیف کمشنر اسلام آباد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد کو تعمیل کرانے کی ہدایت کی گئی۔عدالت نے سماعت 20نومبر جمعرات تک ملتوی کر دی۔