ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، شہر میں خوشگوار موسم

ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، شہر میں خوشگوار موسم

لاہور  میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے، افق بادلوں کی لپیٹ میں آ گیا جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مطلع ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشیں 20 مارچ تک جاری رہ سکتی ہیں، جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو بارش کے امکانات کو مزید بڑھا رہا ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے:

پنجاب: فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، رحیم یار خان، جہلم، بورے والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش جاری ہے۔
سندھ: جیکب آباد، گھوٹکی، اوباڑو، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، لاڑکانہ، دادو، پڈعیدن اور میانی میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔
خیبر پختونخوا: بنوں، صوابی، نوشہرہ، ٹانک، کرک اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی بارش جاری ہے۔
بلوچستان: چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، توبہ اچکزئی اور مستونگ سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے۔
آزاد کشمیر: بھمبر، کوٹلی اور دیگر زیریں و بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔