لاہور: وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، تاہم حکومت اور متعلقہ ادارے فوری اور بھرپور ایکشن میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔"عوام کے جان و مال کا تحفظ وزیرِاعلیٰ مریم نواز کی اولین ترجیح ہے،"عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا۔
متاثرہ اضلاع:
چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں ریکارڈ توڑ بارشیں ہوئیں، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آئی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔پوٹھوہار ریجن، جہلم، چکوال، اور راولپنڈی سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
ریسکیو آپریشنز:
پاک فوج نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں کیں:
پوٹھوہار ریجن: 1 فرد کو ریسکیو
جہلم: 298 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا
چکوال: 209 افراد کو ریسکیو کیا گیا
راولپنڈی: 450 افراد کو نکالا گیا
مزید 64 شہریوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ کی نگرانی:
وزیرِاطلاعات کے مطابق وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی براہِ راست مانیٹرنگ کی اور انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔عظمیٰ بخاری نے تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صورتحال غیر معمولی تھی، لیکن انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے کئی قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔