امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنی وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں رمضان کے اس مقدس مہینے کو روحانی تجدید، خدا کی ان گنت نعمتوں کا شکر ادا کرنے اور رشتوں کو مضبوط بنانے کا وقت قرار دیا ہے۔صدر ٹرمپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رمضان مسلمانوں کے لیے ہمدردی، عاجزی اور مشترکہ اقدار کی تصدیق کا وقت ہے، اور یہ کہ آزادی سے عبادت کرنا ہمارے ملک کی پہچان اور طاقت کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ میں ہر شہری کو اپنے عقائد کے مطابق آزادی سے عبادت کرنے کا حق حاصل ہے اور اس حق کو کسی بھی ظلم و ستم سے محفوظ رکھا جائے گا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ وہ اس پاک مہینے میں دنیا بھر میں خوشیوں، برکتوں، اتحاد اور امن کے قیام کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے اس مقدس مہینے کے دوران مذہبی آزادی اور باہمی احترام کو فروغ دینے پر زور دیا۔واضح رہے کہ اس سال امریکہ، برطانیہ اور خلیجی ممالک میں رمضان کا آغاز ایک ہی دن سے ہو چکا ہے، اور یہ مہینہ عید الفطر کی خوشیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔