کرناٹک(نیٹ نیوز)بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص بر وقت ایمبولینس اور طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے سڑک پر ہی دم توڑ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے علاقے بانشکنری میں 13 دسمبر کی علی الصبح ایک افسوس ناک واقعے میں 34 سالہ شخص دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسا، بار بار کوششوں کے باوجود نہ تو اسے ایمبولینس دستیاب ہو سکی اور نہ ہی راہ گیروں نے اس کی مدد کی۔مرنے والے شخص کی شناخت وینکٹ رامنن کے نام سے ہوئی ہے جو بالاجی نگر، اٹماڈو کا رہائشی تھا۔ مذکورہ شخص کے اہلِ خانہ کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 3 بجے وینکٹ رامنن کو گھر پر سینے میں شدید درد اٹھا، جس کے بعد اس کی حالت تیزی سے بگڑ گئی اور اسے قے بھی ہونے لگی۔جان بچانے کی غرض سے اس کی اہلیہ اسے موٹر سائیکل پر قریبی نجی اسپتال لے گئی، مگر وہاں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔اس کی اہلیہ نے راہگیروں سے مدد کی اپیل کی، مگر کسی نے مدد نہیں کی۔وینکٹ رامنن کو وہیں سڑک پر دل کا شدید دورہ پڑا اور طبی امداد پہنچنے سے قبل ہی اس کا انتقال ہو گیا