پنجاب: سی ٹی ڈی آپریشنز میں خارجی سمیت16دہشتگرد گرفتار،اسلحہ وبارود برآمد

کارروائیاں بہاولپور، منڈی بہائوالدین، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، چنیوٹ اور وہاڑی میں کی گئیں، لاہور سے فتنہ الخوارج کا خطرناک دہشت گرد عمر پکڑا گیا
 لاہور(کرائم رپورٹر )کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں خفیہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 16دہشتگرد گرفتار کرلیے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 118 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جن کے دوران 16 دہشت گرد گرفتار کیے، کارروائیاں لاہور، بہاولپور، منڈی بہائوالدین، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، چنیوٹ اور وہاڑی میں کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج کا ایک خطرناک دہشت گرد عمر اسلحہ اور باروی مواد سمیت گرفتار کیا گیا ، دہشت گرد کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے۔ دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی بم، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز تار، پمفلٹ اور نقدی برآمد کی گئی ، دہشت گردوں کی شناخت طفیل، صدیق، شبیر الحق، محمد ابراہیم، عبدالرشید، عمر ، صدام حسین، وقار مرتضیٰ اور عدنان وغیرہ کے نام سے ہوئی۔حکام کے مطابق دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔