ویب ڈیسک: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد خیبر پختونخوا کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں کی صوبائی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کر سکیں۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں خیبرپختونخوا کے عوام اکیلے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اور حکومت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں سیکڑوں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے جذبے کے تحت ملک کے تمام صوبوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا ہوگا تاکہ قدرتی آفات کے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔