لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ لاہور، جسے مسلم لیگ (ن) کا سیاسی قلعہ سمجھا جاتا ہے، وہاں بھی تازہ سروے کے مطابق سب سے مقبول لیڈر عمران خان ہی ہیں۔
ان کے بقول مسلم لیگ (ن) 2024 کے عام انتخابات میں 17 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی، تاہم آئندہ انتخابات میں وہ ایک بھی نشست جیتنے کے قابل نہیں ہوگی۔اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکمران کس فارمولے کے تحت قوم پر مسلط کیے گئے، یہ بات پوری دنیا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ آئندہ جب بھی ملک میں عام انتخابات ہوں گے تو پاکستان تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرتے ہوئے "کلین سویپ" کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے کے باوجود عمران خان نے کبھی سیاسی انتقام کی سیاست نہیں کی۔ ان کے بقول عمران خان ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی اور ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں، اور یہی ان کی سیاست کا محور ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جس طرح بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی قیادت اور قربانیوں کے ذریعے قوم کو آزادی دلوائی تھی، آج عمران خان اسی قوم کو حقیقی آزادی اور خودداری دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عمران خان اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہوں گے۔مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ مسلط کیے گئے حکمران بھی جان چکے ہیں کہ عمران خان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنے کے باوجود ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی عوامی حمایت کا گراف مزید بلند ہوا ہے۔