لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں پہلی مرتبہ مصنوعی انسانی اعضا کی جدید ٹیکنالوجی "بایونکس" کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
لاہور میں ہونے والی خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ نے خود 6 سالہ ننھے سہیل کو بایونکس ٹیکنالوجی سے تیار کردہ مصنوعی بازو پہنائے۔ننھا سہیل جس کے بازو کہنی کے نیچے کرنٹ لگنے سے ضائع ہو چکے تھے، اب بایونکس بازو کی مدد سے دماغی سگنلز کے تحت اپنی مرضی سے بازو حرکت دے سکتا ہے، جس سے اس کی زندگی میں ایک نئی روشنی آگئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سہیل کو گود میں لیا، اس کی حوصلہ افزائی کی اور پیار بھی کیا۔ اسی طرح ایک اور بچے عقیل کو وزیراعلیٰ خود اسٹیج پر لے کر آئیں، جو اسی پراجیکٹ کے تحت مصنوعی بازو حاصل کر رہا ہے۔تقریب میں 300 سے زائد خصوصی افراد نے شرکت کی، جن میں کئی بچوں نے قومی ترانہ، تلاوت اور ترجمہ اشاروں کی زبان میں پیش کیا، جس پر شرکاء نے زبردست داد دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر خصوصی افراد کے لیے جدید معاون آلات کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا، جن میں خودکار وہیل چیئر، پیڈز وہیل چیئر، ٹرائی وہیل سکوٹی، آلہ سماعت، مینوئل وہیل چیئر، رولیٹر، ٹرائی سائیکل، موٹرائزڈ وہیل چیئر اور دیگر ضروری سہولیات شامل ہیں۔تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ اس انقلابی منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے خصوصی افراد کو ایک ارب روپے مالیت کے مصنوعی اعضا اور معاون آلات مفت فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ حکومت کی ترجیح ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے خصوصی افراد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔