پنجاب حکومت کا ڈرگ کورٹس کو نئے انداز سے تشکیل دینے کا فیصلہ

  ڈرگ کیسز کی سماعت کیلئے  نیا ٹریبونل قائم کیا جائے گا، جو ایک سیشن جج اور دو ماہرین پر مشتمل ہوگا
 لاہور (آئی این پی )پنجاب حکومت نے صوبے میں ڈرگز مافیا کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنانے کے لیے ڈرگ کورٹس کو نئے انداز سے تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی بل پنجاب اسمبلی میں پیش کیا گیا ۔بل کے  متن  کے مطابق، پنجاب میں ڈرگ کیسز کی سماعت کے لیے ایک نیا ٹریبونل قائم کیا جائے گا، جو ایک سیشن جج اور دو ماہرین پر مشتمل ہوگا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سیشن جج کو تین سالہ مدت کے لیے نامزد کریں گے جبکہ حکومت دو ماہرین کو بھی تین سال کے لیے تعینات کرے گی، جن کا کم از کم تجربہ 15 سال ہوگا۔بل کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹریبونل کے کسی بھی کیس کے حتمی فیصلے کے لیے تینوں ارکان کی موجودگی ضروری ہوگی، تاکہ فیصلے شفاف اور فنی بنیادوں پر کیے جا سکیں۔ترمیمی بل کا مقصد ڈرگ کورٹس کو ماحولیاتی اور لیبر کورٹس کی طرز پر خودمختار بنانا ہے۔