عمران نے ٹیم کو کہا اکائونٹ میرا ، اہم سوال ہے تو کریں، وکیل کی وزیر اعلٰی کو بریفنگ
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ سے وکیل علی زمان کی ملاقات ،گنڈا پو رودیگر کو اجازت نہ مل سکی
راولپنڈی ( خصوصی رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے آج ان سے ایف آئی اے حکام نے ان کے یکس ( ٹویٹر اکائونٹ) کے حوالے سے سوالات کیے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے آنے والے علی زمان ایڈووکیٹ سے بریفنگ لینے کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کہ اکائونٹ میرا ہے، اگر کوئی اہم سوال ہے تو کریں، وقت ضائع نہ کریں۔علی امین نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، آپریشن مسائل کا حل نہیں ، عوام کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کے پی کے جلسے کا مقصد ان کی رہائی، قانون کی بالادستی اور عام آدمی کو حقوق دلوانا ہے۔گنڈاپور نے کہا کہ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، یہ اقدام قانون کی خلاف ورزی ہے، ملاقات کے بعد ہی امن کا لائحہ عمل سامنے لایا جا سکتا ہے۔ علی امین نے کہا کہ عدلیہ کے حکم کو جوتے کی نوک پر رکھا جا رہا ہے، جج صاحب بتائیں انہیں کون روک رہا ہے، اگر ضرورت پڑی تو وہ عدلیہ کے لیے ریلی نکالیں گے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں فوجی کے بیٹے ہیں، میں جنازوں پر سیاست نہیں کرتا، میجر عدنان کے گھر بھی جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اصل مسائل پر بات کریں، جنازوں پر سیاست کرکے ملک کی سیاست کو مزید آلودہ نہ کیا جائے۔ جیل کے قریب واقع داہگل پولیس ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے بیان کے ساتھ ہیں اور انہیں فالو کرتے ہیں اس کے علائوہ کوئی فلاسفی جھاڑتا ہے تو اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں اپنی پوزیشن بانی کے سامنے واضح کروں گا وہی میرا لیڈر ہے۔ وفاقی وزراء نے شہداء کے جنازوں پر بیان دیئے جو گھٹیا حرکت ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ بانی کو باہر لانے کیلئے ایک دن بھی ایسا نہیں کہ میں نے کوشش نہ کی ہو۔بانی پی ٹی آئی کا ٹویٹر کون ہینڈل کر رہا ہے؟ صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بانی کا ٹویٹر وہی ہینڈل کر رہا ہے جن کو خان صاحب نے خود ایکسیس دی ہوئی ہے، پی ٹی آئی ہینڈلرز ہم ہیں، ہم بانی کو جواب دہ ہیں، اب کوئی بندہ اپنا بیانیہ بناتا ہے تو ہم ان ہینڈلرز کے جواب دہ نہیں ہیں، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے قانون دان علی زمان کو ملاقات کی جبکہ دیگر وکلا اور فیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت نہ مل سگی۔ بیرسٹر گوہر نہ آئے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ملاقات کے بغیر واپس روانہ ہو گئے ۔ قبل ازیں پنجاب آزاد کشمیر اور کے پی کے سے وکلا پارٹی راہنما اور اراکین اسمبلی داہگل پہنچے تو انہیں آگے جانے سے روک دیا گیا۔