پولیس نے گمشدہ چار سالہ بچی والدین سے ملوادی

لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کی ہدایت پر چوکی پنجاب سوسائٹی پولیس نے کمیونٹی سیفٹی پولیسنگ کی بہترین مثال قائم کی۔ پولیس کے مطابق اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی سربراہی میں انچارج چوکی پنجاب سوسائٹی عمران اظہر اور ٹیم نے 15 کی کال پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 سالہ گمشدہ بچی کو تلاش کر کے والدین سے ملا دیا۔ بچی ماہم گھر سے کھیلنے نکلی اور راستہ بھول گئی تھی۔ پولیس نے سوشل و الیکٹرانک میڈیا، وائرلیس کالز، اعلانات اور کیمروں کی مدد سے چند گھنٹوں کی کاوش کے بعد بچی کو بازیاب کیا۔ والدین نے بچی کی بحفاظت واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا اور نیک دعائیں دیں۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق جرائم کے انسداد کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینا بھی ترجیحات میں شامل ہے۔