خیبرپختونخوا حکومت کا اسلام آباد کے قریب نیا کے پی ہائوس تعمیر کرنے کا منصوبہ

 نیا پختونخوا ہائوس کے پی ہائوس اسلام آباد سے 20 منٹ کی مسافت پر ہوگا، منصو بہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل
ڈپٹی کمشنر ہری پور کو سرکاری زمین کی نشاندہی کی ذمہ داری ، چیف انجینئر ، سیکرٹری کمشنر، دیگر محکموں کو بھی احکامات جاری
اسلام آباد(آئی این پی )خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد کے قریب مکھنیال، ضلع ہری پور میں نئے 'کے پی ہائوس' کی تعمیر کا منصوبہ باضابطہ طور پر منظور کر لیا  ۔ نیا پختونخوا ہائوس کے پی ہائوس اسلام آباد سے 20 منٹ کی مسافت پر ہوگا۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق اس منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP 2025-26) میں شامل کیا گیا ہے، جس کی کل لاگت 500 ملین روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ابتدائی طور  پر 250 ملین روپے رواں مالی سال  کیلئے  مختص کر دئیے گئے ہیں۔خیبر پختونخوا حکومت کی دستاویزات کے مطابق صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو  سرکاری زمین کی نشاندہی کی ذمہ داری سونپ دی جبکہ چیف انجینئر ، سیکرٹری کمشنر ہزارہ ڈویژن اور دیگر محکموں کو بھی احکامات جاری کردئیے گئے۔دستاویزات کے مطابق منصوبے سے متعلق ابتدائی نوٹیفکیشن 3 ستمبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا، جس کی کاپی چیف انجینئر ایسٹ، سیکرٹری کمشنر ہزارہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی بھیجی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ فی الحال زمین کی نشاندہی اور کاغذی کارروائی کے مرحلے میں ہے۔  منصوبے کی تکمیل کے لئے  حتمی ڈیزائن اور  ٹھیکہ کمپنی کے تعین کے بعد عملی کام کا آغاز متوقع ہے۔