منصوبے کی لاگت و فنانسنگ ماڈل پر مشاورت ، نیا ائیرپورٹ روزگار کے مواقع بڑھائے گا
راوی سٹی کے قریب موٹروے ایم تھری کے نزدیک مجوزہ ائیرپورٹ سائٹ کی نشاندہی مکمل،حکام
لاہور (زیڈ این این) پنجاب حکومت نے لاہور میں نیا ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) نے ائیرپورٹ کے لیے مجوزہ سائٹ کی نشاندہی کر دی ہے جو راوی سٹی کے قریب اور موٹروے ایم تھری کے نزدیک واقع ہوگی۔ذرائع کے مطابق نیا ائیرپورٹ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کی لاگت اور فنانسنگ ماڈل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ تاحال ابتدائی مرحلے میں ہے۔متعلقہ حکام کے مطابق مجوزہ ''ائیرپورٹ روڈا'' منصوبہ لاہور کے موجودہ ہوائی ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ شہر کی اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا۔ اس منصوبے سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔حکومتِ پنجاب کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے لاہور کو ایک جدید بین الاقوامی معیار کا ائیرپورٹ میسر آئے گا، جو مستقبل کی فضائی ضروریات اور شہری ترقی کے تقاضوں کو پورا کرے گا۔