موبائل،ہینڈفری، الیکٹرانک ڈیوائس استعمال کرنے پر فوری امتحان سے نکال دیا جائیگا
امیدوار کوایف پی ایس سی کے ہرطرح کے بھرتی امتحانات کیلئیبلیک لسٹ کردیاجائیگا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس سمیت وفاقی وزارتوں میں گریڈ 17 تا 21 کی خالی اسامیوں پر بھرتی کے لیے ہونے والے امتحانات میں نقل و ناجائز ذرائع استعمال کرنے والے امیدواروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیڈرل پبلک سروس کمیشن احکامات کے مطابق سی ایس ایس سمیت خالی اسامیوں پر بھرتی ہونے والے امتحانات میں موبائل فون ،بلیو ٹوتھ ، ہینڈ فری سمیت الیکٹرانک ڈیوائسز کی پابندی عائد ہے، امیدواروں کے امتحانات میں موبائل فونز، الیکٹرانک ڈیوائسز لانے پر پابندی ہے، امیدواروں کا نقل کیلئے موبائل، الیکٹرانک ڈیوائسز سمیت دیگر ذرائع استعمال کرنے پر فوری طور امتحان سے نکال دیا جائے گا، نقل کرنے والے امیدواروں کو مذکورہ امتحان سے نااہل قرار دیا جائے گا اور مستقبل میں امتحانات میں شریک ہونے پر پابندی لگا دی جائے گی، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق نقل پر نااہل ہونے والے امیدواروں کے شناختی کارڈز کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا اور مذکورہ امیدوار مستقبل میں کسی بھی خالی اسامی پر امتحانات میں شرکت نہیں کر سکیں گے،مذکورہ امیدواروں کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے زیر انتظام ہر طرح کے امتحانات کے لیے نااہل اور بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔