دنیا بھر میں ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کے لیے افسوسناک خبر — جاپانی گیم ڈائریکٹر تومونوبو اٹاگاگی، جنہوں نے مشہور فرنچائزز Dead or Alive اور Ninja Gaiden تخلیق کیں، 58 برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
اٹاگاگی کی موت کی تصدیق ان کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر ایک پہلے سے شیڈول کیے گئے پیغام کے ذریعے کی گئی، جو انہوں نے اپنی زندگی کے آخری دنوں میں خود تحریر کیا تھا۔ان کے قریبی ساتھی اور معروف گیم جرنلسٹ جیمز میلکی نے بھی اٹاگاگی کے انتقال کی تصدیق کی، ان کے مطابق گیم ڈائریکٹر ایک شدید بیماری میں مبتلا تھے، جو آخری ایام میں تیزی سے بگڑ گئی۔اٹاگاگی نے اپنے فیس بک پر جاپانی زبان میں “الوداعی کلمات” کے عنوان سے ایک جذباتی پیغام لکھا، جس میں انہوں نے کہا:“میری زندگی کی شمع بجھنے والی ہے، اگر یہ پیغام پوسٹ ہو چکا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ میں اب اس دنیا میں نہیں رہا۔
میری زندگی ایک مسلسل جنگ تھی، جس میں ہم جیتتے رہے۔ میں نے مشکلات پیدا کیں، مگر اپنے عقائد پر قائم رہا۔ مجھے کوئی پچھتاوا نہیں۔”اپنے آخری پیغام میں اٹاگاگی نے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نئی گیم مکمل نہیں کر سکے:“مجھے افسوس ہے کہ میں اپنا تازہ کام آپ تک نہیں پہنچا سکا، اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔”تومونوبو اٹاگاگی کا شمار جاپان کے عظیم ترین ویڈیو گیم تخلیق کاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے ایکشن گیمز کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی۔