آئندہ سال ،مارچ ، اپریل میں بلدیاتی الیکشن

پنجاب میں ہم اپنی آئینی ذمہ داریوں میں سرخرو ہونگے ،کوئٹہ میں الیکشن شیڈول جاری کر چکے:سلطان سکندر راجہ 
لاہور(خصوصی رپورٹ ) چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے یکسو ، سنجیدہ اور انہیں یقینی بنانے کیلئے اپنی ٹائم لائن کا پابند ہے، کوئٹہ ، اسلام آباد، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا عمل آئندہ مارچ سے پہلے یقینی بنے گا اور ہم اپنی آئینی ذمہ داریوں میں سرخرو ہونگے ۔ دنیا نیوز سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، اسلام آباد کیلئے شیڈول کا اعلان کل ہو جائے گا جبکہ پنجاب حکومت کو پابند بنا دیا گیا ہے کہ وہ نیا ایکٹ پاس کرانے کے بعد10جنوری تک ضروری اقدامات مکمل کرکے کمیشن کو آگاہ کرے گی اور پنجاب میں ہر قیمت پر انتخابات مارچ، اپریل سے پہلے ہونگے ۔ الیکشن کمیشن اس حوالہ سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور اب کسی لیت و لعل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انتخابات کے انعقاد کے حوالہ سے کچھ ذمہ داریاں صوبائی حکومت کی ہیں جبکہ انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے جو ہم پوری کرینگے۔