سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی ناقابل برداشت ، ہم اپنے آبی حقوق پر حملے کا دفاع کریں گے:چیئرمین پی پی پی کا پیغام
اسلام آباد (آئی این پی ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے ہم پرامن قوم ہیں لیکن جو ہم سے ٹکرائے گا، اسے کاری جواب ملے گا،سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی ناقابل برداشت ہے، ہم اپنے آبی حقوق پر حملے کا دفاع کریں گے۔ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر یوم تشکر کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا یہ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ جب بھی وطنِ عزیز کی بقا کو خطرہ لاحق ہوا تو پوری قوم نے افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج افواجِ پاکستان کی بہادری اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی برتری فضا سے لے کر سمندر، پہاڑوں سے لے کر میدانوں تک مسلم ہے۔ قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی بہادری ہی ملک کے استحکام اور دفاع کی ضمانت ہیں