ایران کے اسلامک ریوولوشنری گارڈ کور (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اردن میں تعینات امریکی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کارروائی کے دوران اردن میں موجود امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے کی نوعیت، مقام اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔دوسری جانب اردنی فوج نے اس سے قبل اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس نے ملک کی فضائی حدود کی جانب آنے والے ایران کے 3 میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔اردنی حکام کے مطابق ملکی فضائی دفاعی نظام نے ممکنہ خطرے کو بروقت ناکام بنایا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے اور اتحادی ممالک سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اگر ایران کے دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، کیونکہ اردن امریکا کا اہم اتحادی ہے اور وہاں امریکی فوجی موجودگی بھی موجود ہے۔تاہم امریکی اور اردنی حکام کی جانب سے ایرانی دعوے کی آزادانہ تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ حملے سے متعلق مکمل معلومات بھی واضح نہیں ہو سکیں۔