لاہور میں 24 گھنٹوں میں 3 بچوں کے اغواء کے مقدمات درج، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

لاہور میں 24 گھنٹوں میں 3 بچوں کے اغواء کے مقدمات درج، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

لاہور میں بچوں کے مبینہ اغواء کے تین مختلف واقعات سامنے آئے ہیں، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈھائی سالہ بچی سمیت تین بچے لاپتہ ہو گئے۔

 پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق پہلا واقعہ مصطفیٰ ٹاؤن کی ایک نجی سوسائٹی میں پیش آیا، جہاں 11 سالہ عبدالکریم قرآن پاک کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے مسجد گیا تھا، تاہم وہ واپس گھر نہیں پہنچا۔اہلخانہ کی جانب سے تلاش کے باوجود بچے کا سراغ نہ ملنے پر پولیس سے رابطہ کیا گیا، جس کے بعد مقدمہ درج کر کے بچے کی تلاش شروع کر دی گئی۔

دوسرا واقعہ رائے ونڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 10 سالہ احسن گھر سے کسی چیز کے لیے باہر نکلا لیکن واپس نہ آیا۔ اہلخانہ نے بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر کارروائی شروع کر دی گئی۔

تیسرا واقعہ نشتر کالونی میں پیش آیا جہاں گلی میں کھیلنے والی ڈھائی سالہ بچی کو نامعلوم شخص مبینہ طور پر اغواء کر کے لے گیا۔

پولیس کے مطابق تینوں واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور بچوں کی بازیابی کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، شواہد اور دیگر ذرائع کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بچوں کے اغواء کے واقعات پر اہلخانہ اور شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی نگرانی یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔