ویٹ سائٹ بند‘بعض عناصرجعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا رہے تھے
آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں نادرا کے 3 ریجنل سینٹرز قائم کئے جائینگے:محسن نقوی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کرکے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کر کے تمام خدمات موبائل ایپ پر فراہم کی جائیں گی۔ جعلساز عناصر جعلی ویب سائٹس کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوانے میں معاونت کا کاروبار کر رہے تھے۔ شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کر کے ان کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔ نادرا کی ویب سائٹ17 جنوری سے بند کردی جائے گی۔۔ شناختی کارڈ، نائکوپ، پی او سی ، ب فارم ، ایف آرسی سمیت تمام خدمات موبائل ایپ پر دستیاب ہیں۔ شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ پر شناختی دستاویزات کی تمام تر کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔وزیرداخلہ محسن نقوی کے مطابق نادرا کے 3 نئے ریجنل سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔ نئے ریجنل سینٹرز آزاد جموں و کشمیر، گوادر اور گلگت بلتستان میں بنائے جائیں گے۔