کھانسی، نزلہ زکام کے مریضوں میں اضافہ ،5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں وائرل انفیکشن کے 10 ہزار مریض رپورٹ
لاہور ( کرائم رپورٹر) موسم بدلنے سے بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا۔شہر میں وائرل انفیکشن کے پھیلائو کا خدشہ ہونے سے فلو، نزلہ ، زکام، وائرل انفیکشن سے شہری متاثر ہو رہے ہیں ہسپتالوں میں کھانسی، فلو، نزلہ زکام کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے بچوں میں نمونیہ، چیسٹ انفیکشن اور کھانسی میں اضافہ جاری ہے۔گزشتہ 7 روز میں شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں وائرل انفیکشن کے 10 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ میو ہسپتال میں 7 روز میں 3 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ جناح ہسپتال میں 2750 جبکہ گنگارام میں 25 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ، سروسزہسپتال اور جنرل ہسپتال میں بھی سینکڑوں مریض رپورٹ ہوئے. طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرل انفیکشن ایک سے دوسرے میں تیزی سے پھیلتا ہے ، متاثرہ مریض ماسک کے استعمال کو یقینی بنا ئیں صبح اور رات کے اوقات میں مناسب کپڑوں کا استعمال کریں۔