بارش: بیماریوں کا حملہ

لاہور میں ڈینگی، ملیریا ، گیسٹرو اور جلدی امراض کے کیسز میں اضافہ، 700 مریض رپورٹ 
لاہور ( کرائم  رپورٹر )مون سون کی بارشوں کے بعد لاہور میں ڈینگی، ملیریا ، گیسٹرو اور جلدی امراض کے کیسز میں اضافہ،بچوں اور بزرگوں میں گیسٹرو ، ہیضہ کے کیسز زیادہ رپورٹ، شہر کے مختلف ہسپتالوں میں گیسٹرو اور جلدی امراض کے سینکڑوں مریض داخل کرائے گئے۔گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر کے پانچ بڑے سرکار ی ہسپتالوں میں گیسٹرو اور جلدی امراض کے 7 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔میو ہسپتال میں میں 160 سے زائد ،جناح ہسپتال میں 140 سے زائد ،لاہور جنرل ہسپتال میں 120 ،سروسز ہسپتال میں 110 جبکہ گنگارام ہسپتال میں بھی سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھڑا بارشی پانی مچھروں کی افزائش کا سبب بن رہاہے۔ شہری ابلا ہوا یا فلٹر شدہ پانی استعمال کریں، مچھر سے بچائو کیلئے کوائل کا استعمال یقینی بنائیں۔کھانے پینے کی اشیا کو ڈھانپ کر رکھیں، باسی اور کھلا کھانا کھانے سے پرہیز کریں ،بخار، الٹی یا پیچش کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔