پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں فیصل چوہدری نے بتایا کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے، اس سے پہلے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی 26 فروری تک ملتوی کی جا چکی تھی۔فیصل چوہدری نے اس اچانک ملتوی کی جانے والی سماعتوں پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے متعلق سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی حالت صحت پر تشویش ہے کیونکہ پچھلے دور میں ایسی ہی حالات میں عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا تھا، جہاں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا تھا۔
فیصل چوہدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا اور خاندان کے افراد سے ملاقات کرائی جائے تاکہ ان کی صحت و سلامتی کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں عوامی سطح پر شفافیت ضروری ہے تاکہ کسی بھی خدشات کو دور کیا جا سکے۔