کچہ جمال ڈاکوئوں سے کلیئر کروالیاگیا 5نے سرنڈرکردیا،2مارے گئے ،2زخمی

 ہلاک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اوربہادرسیدانی سابقہ ریکارڈ یافتہ، سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،اعجاز عرف منڈا اور بادشاہ شدید زخمی ہو ئے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس راجن پورنے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے بھرپور پیش قدمی سے کچہ جمال کا علاقہ ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ عمرانی گینگ کے 5 ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں میں علی شیر، ولی محمد، حبیب الرحمن، عبد الغفور اور عثمان عمرانی شامل ہیں۔ گرفتار ڈاکو قتل،اغواء اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ راجن پور پولیس نے کچہ جمال میں ڈاکوؤں کے تمام ٹھکانے تباہ کر دیئے۔پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک اور 3 شدید زخمی ہوئے جبکہ ایک مغوی بھی بازیاب کروایا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے صبح سویرے کچہ جمال میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ،پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ہلاک ڈاکوؤں میں عبد الرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی شامل ہیں۔دوران آپریشن دو ڈاکو اعجاز عرف منڈا اور بادشاہ شدید زخمی ہو ئے۔ ہلاک ڈاکو سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور پولیس کو جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک ڈاکو پولیس کو قتل، ڈکیتی، راہزنی اور اغواء برائے تاوان جیسے متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائی پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔