شہداء اور غازی ہمارا فخر، ان کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدم ہے:آرمی چیف

شہداء اور غازی ہمارا فخر، ان کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدم ہے:آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازتے ہوئے کہا کہ "شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہداء کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدم ہے۔

" یہ تقریب فوجی اعزازات دینے کے لیے منعقد کی گئی، جس میں اعزازات آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے خدمات کے اعتراف میں دیئے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس تقریب میں ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت کے اعزازات دیے گئے، جبکہ شہداء کے اہلخانہ نے بعد از مرگ دی جانے والی ان اعزازات کو وصول کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والے افسران و جوانوں کے اہلخانہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنی تقریر میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ "آج کا امن اور آزادی شہداء کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بے لوث عزم قابل تعریف ہے۔اس تقریب کا مقصد نہ صرف فوجی اعزازات سے افسران اور جوانوں کی بہادری کا اعتراف کرنا تھا بلکہ شہداء اور غازیوں کے عزم کو سلام پیش کرنا تھا جو قوم کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔