نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت میں خود کو مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کا وارث قرار دینے والے یعقوب حبیب الدین توسی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھا ہے، جس میں اورنگزیب عالمگیر کے مقبرے کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔شہزادہ یعقوب، جو خود کو اس مزار کی وقف جائیداد کا متولی بھی قرار دیتے ہیں، نے کہا کہ یہ مقبرہ قومی اہمیت کی یادگار قرار دیا جا چکا ہے اور یہ 1958کے قدیم یادگاروں اور آثارِ قدیمہ کے مقامات و باقیات کے قانون کے تحت محفوظ ہے، اس قانون کے تحت کسی بھی غیر مجاز تعمیر، تبدیلی، تباہی یا کھدائی کی اجازت نہیں، اور ایسا کوئی بھی عمل غیر قانونی اور قابل سزا ہوگا۔انہوں نے مزار کی موجودہ حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہاں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں۔انہوں نے بین الاقوامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ثقافتی ورثے کا تحفظ اور اس کی دیکھ بھال ضروری ہے۔