سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ ، 2 ملزم ہلاک

ناکے پر روکا تو مشکوک موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے
تعاقب پر جوابی فائرنگ ، لنگڑا گینگ کے طارق،شاہد مارے گئے،ساتھی فرار
رحیم یارخان(خصوصی رپورٹ )ناکہ توڑ کر فرار ہونے والے موٹرسائیکل سوار وں اور سی سی ڈی کے درمیان مقابلے میں مبینہ 2ڈاکو ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب سی سی ڈی نے مخبری پر موٹرسائیکلوں پر سوار ملزموں کو شیخ زید ایئرپورٹ کے قریب ناکہ لگا کر روکا تو ملزموں نے ناکہ توڑ کر پولیس پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے تعاقب کیا اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت طارق علی اور شاہد علی کے نام سے ہوئی، جو سندھ کے رہائشی اور لنگڑا گینگ سے تعلق رکھتے تھے۔ پولیس کے مطابق دونوں ضلع رحیم یار خان میں بڑی دکانوں اور سٹورز پر ڈکیتی کی نصف درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس نے موٹرسائیکل بر آمد کرکے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیں اور فرار ساتھیوں کی تلاش شروع کردی۔