لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کے لیے وردیوں کی خریداری کا عمل شروع کر دیا گیا، ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، ایس پی یو، رائٹ مینجمنٹ پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول سمیت 10 یونٹس کے لیے یونیفارمز خریدی جائیں گی۔پولیس ذرائع کے مطابق یونیفارمز کی خریداری کے لیے پری کوالیفکیشن مرحلے میں 4 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، گوہر، عسکری اور ایکسل سمیت 4 فرمز نے کوالیفائی کیا ہے۔ کمپنیوں کی ویری فکیشن کے لیے تفصیلات ڈی آئی جی ٹیکنیکل کو بھجوا دی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل مرحلے میں کامیاب ہونے والی فرمز کو فنانشل بڈ کے لیے بلایا جائے گا۔ تقریباً پونے 2 ارب روپے کی لاگت سے 2 لاکھ 7 ہزار یونیفارمز خریدی جائیں گی۔ضلعی پولیس کے لیے ایک لاکھ 53 ہزار، ایلیٹ فورس کے لیے 10 ہزار 500، پنجاب ہائی وے پٹرول کے لیے 12 ہزار، ٹریفک پولیس کے لیے 13 ہزار جبکہ ڈولفن سکواڈ کے لیے 3 ہزار یونیفارمز خریدی جائیں گی۔ اسی طرح اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے لیے 8 ہزار اور رائٹ مینجمنٹ پولیس کے لیے 5 ہزار یونیفارمز کی خریداری کی جائے گی۔پولیس ذرائع کے مطابق تمام یونیفارمز کا فیبرک ایک ہی ہوگا، تاہم مختلف یونٹس کے لیے یونیفارم کا رنگ یونٹ کے حساب سے مختلف رکھا جائے گا