لاہور(کرائم رپورٹر)نصیر آباد کے علاقے گوپال نگر مین بازار میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو گمراہ کرنے والے دو نوسربازوں کو پولیس نے گرفتار کر لیاترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق دونوں ملزمان سفید شلوار قمیض اور پولیس کیپ پہن کر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔ نصیر آباد پولیس نے مشکوک افراد سے شناخت طلب کی تو وہ سرکاری ملازم ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف اور عبدالماجد کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے خود کو اہلکار ظاہر کرنے اور پولیس کیپ کے غیر قانونی استعمال پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دفعات 170 اور 171 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا کہ پولیس کی شناخت یا وردی کا سہارا لے کر شہریوں کو دھوکہ دینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، پولیس اہلکار بن کر قانون کا رعب جمانے والے جیل جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی مشکوک شخص کے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کی صورت میں اس کی شناخت کی تصدیق ضرور کریں