وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا اور ان کی مدبرانہ قیادت کی تعریف کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے اور مسلم دنیا کے مشترکہ مقاصد کی وکالت کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ نے مذاہب، عقائد اور تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ اس سال مسلم ورلڈ لیگ کے تعاون سے مسلم دنیا کی خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد بہت خوش آئند ہے، اور پاکستان مستقبل میں اس طرح کے پروگرامز میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے اس ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے غزہ میں امن معاہدے میں پاکستان کے کردار اور مظلوم فلسطینیوں کی آواز کو عالمی سطح پر بلند کرنے پر مسلم ممالک، خصوصاً سعودی عرب کی تعریف کی۔سیکرٹری جنرل ورلڈ مسلم لیگ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، اور پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر عزت مآب نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔