پرامن مارچ صرف اسلام آباد کی طرف ہوگا جس میں ملک بھر سے لوگ آئیں گے، رہنما پی ٹی آئی
راولپنڈی(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کیلئے قوم کو پیغام دیا ہے کہ آگے آزادی ہے، یہ پر امن انقلاب ہوگا۔جمعہ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ 24 نومبر کو احتجاج کیلئے اسلام آباد میں جگہ کا تعین لیڈرشپ کرے گی، پورا پاکستان تیار ہے، بانی پی ٹی ائی نے کہا ہے کہ یہ پرامن انقلاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج مینڈیٹ کی واپسی، 26 ویں ترمیم کے خلاف اور گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی کیلئے ہوگا، پرامن مارچ صرف اسلام آباد کی طرف ہوگا جس میں ملک بھر سے لوگ آئیں گے۔علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو یہ زیادہ دیر اندر نہیں رکھ سکتے، ان کو لانے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کب تک شہباز شریف کا سیاسی جنازہ اپنے کندھوں پر اٹھائیں گے اور ان سیاسی مردوں سے منسلک رہیں گے؟، قوم کے دلوں میں آپ کی واپسی کا ایک ہی راستہ ہے جب کپتان کہے گا قوم آپ سے دوبارہ باہم شیر و شکر ہوگی۔