آئندہ مالی سال بجلی خریداری قیمت میں 2.25 روپے یونٹ تک کمی کاتخمینہ، ، نیپرا نے درخواست پر سماعت مکمل کر لی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)آئندہ مالی سال کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان ، نیپرا نے درخواست پر سماعت مکمل کر لی، اعدادو شمار کے جائزہ کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ حکومتی درخواست کی سماعت چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں ہوئی۔ پاورپرچیز پرائس میں78پیسے سے لیکر2روپے25 پیسے فی یونٹ تک کمی کا تخمینہ ،آئندہ مالی سال بجلی صارفین کو 140ارب سے400 ارب روپے تک ریلیف مل سکتا ہے،آئندہ مالی سال پاورپرچیز پرائس کا تخمینہ 24.75 سے 26.22 روپے یونٹ تک لگایا گیا۔ حکام نے بتایاکہ رواں مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس 27 روپے یونٹ ہے،بجلی کی قیمت میں 2 روپے کمی، طلب میں 2.8 سے 5فیصد اضافہ کا تخمینہ ہے،آئندہ مالی سال کے دوران ڈالر تین سو روپے مقرر کیے جانے کا تخمینہ ہے۔سماعت کید وران نیپرا اتھارٹی نے بجلی کی طلب بڑھنے کے پاور ڈویڑن کے دعوئوں پر سوال اٹھادیا، چیئرمین نیپرا نے کہا حالیہ سالوں میں بجلی کی طلب کم ہو رہی تو کیسے اضافے کی توقع کر رہے ہیں۔ پاور ڈویڑن حکام نے کہا جی ڈی پی گروتھ کی بنیاد پر بجلی کی طلب میں اضافے کا امکان ہے۔