وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی موسیٰ گیلانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے ہر منصوبے میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی ہے اور وہاں حقیقی ترقیاتی کام جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بعض سیاسی رہنما یا تو حقائق سے لاعلم ہیں یا جان بوجھ کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ لاہور اور اسلام آباد سے نکل کر اور تعصب کی عینک اتار کر جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تو انہیں وہاں ترقی واضح طور پر نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی پالیسی میں کوئی تفریق نہیں، ان کے نزدیک پورا پنجاب ایک ہے اور کسی خطے کو نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔ ان کے مطابق الیکٹرک بسیں سب سے پہلے جنوبی پنجاب میں متعارف کرائی گئیں اور اس وقت جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں یہ بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں، جبکہ آئندہ تمام تحصیلوں تک اس منصوبے کو وسعت دی جائے گی۔وزیر اطلاعات کے مطابق “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت تعمیر ہونے والے دو لاکھ گھروں میں اکثریت جنوبی پنجاب میں واقع ہے۔ اسی طرح کھیل کے میدانوں کی تعمیر، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، گرین ٹریکٹر، کسان کارڈ اور سپر سیڈر جیسے منصوبوں سے بھی جنوبی پنجاب کے کسان زیادہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں کی ترقی کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو وہاں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے علی موسیٰ گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب سیاست کے لیے کوئی مؤثر کارڈ باقی نہ رہے تو جنوبی پنجاب کارڈ کھیلنا شروع کر دیا جاتا ہے، تاہم یہ طرز سیاست اب عوام میں مؤثر نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات اور سیاسی بلیک میلنگ کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی