پنجاب بار :وکلاء کے اندراج ، لائسنس کیلئے قواعد مزید سخت

ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ایل ایل بی کی ڈگری نئے وکیل کے اندراج کیلئے شرط
رجسٹرڈ غیر ملکی لاء ڈگری ہولڈرز کیلئے مساواتی سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری قرار
لاہور(کرائم  رپورٹر)پنجاب بار کونسل نے وکلاء کے اندراج اور وکالت لائسنس کے اجرا کیلئے سخت ترین احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب بار کونسل کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ ایل ایل بی ڈگری پیش کئے بغیر لوئر کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ نیا اندراج نہیں ہوگا، پہلے سے رجسٹرڈ کسی بھی وکیل کے لائسنس کی تجدید اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک تعلیمی اسناد کی ایچ ای سی سے تصدیق پیش نہ کی جائے،بطور ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کسی بھی امیدوار کا اندراج اور وکالت کا لائسنس ایچ ای سی کی تصدیق کے بغیر جاری نہیں کیا جائے گا، غیر ملکی لاء ڈگری یا ایکسٹرنل ایل ایل بی پروگرام کے حامل امیدواروں کا اندراج ایچ ای سی کے مساواتی سرٹیفکیٹ سے مشروط کر دیا گیا،پہلے سے رجسٹرڈ غیر ملکی ڈگری ہولڈرز وکلاء کے لائسنس کی تجدید اور ہائی کورٹ انرولمنٹ بھی مساواتی سرٹیفکیٹ پیش کرنے تک روک دی گئی،وکلاء کا اندراج اور لائسنس جاری کرنا پنجاب بار کونسل کی اہم قانونی اور آئینی ذمہ داری ہے،ٓاندراج کے عمل میں شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے جنرل ہائوس اجلاس میں متفقہ فیصلے کر لئے گئے ہیں۔