پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی

 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر  ، 19 کروڑ 50 لاکھ سے زائد موبائل کنکشن موجود ہیں
 خواتین کے موبائل فون رکھنے کے امکانات مردوں سے 20 فیصد کم  ہیں: پہلی سٹیٹ آف فریڈم رپورٹ
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، پاکستان کی 64 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے جبکہ 19 کروڑ 50 لاکھ سے زائد موبائل کنیکشنز موجود ہیں جن میں خواتین کے موبائل فون رکھنے کے امکانات مردوں سے 20 فیصد کم ہیں۔مشعل پاکستان نے پاکستان کی پہلی سٹیٹ آف فریڈم رپورٹ 2026 جاری کر دی۔رپورٹ میں  آئین اور قانون میں دی گئی ادارہ جاتی اور شخصی آزادیوں کا شہریوں کے عملی تجربات کے ساتھ جامع موازنہ پیش  کیا گیا ہے ۔رپورٹ کیلئے  2000 رائے دہندگان پر مشتمل ایک ملک گیر سروے کیا گیا جس میں 67 فیصد گریجویٹ، 32 فیصد ماسٹرز اور 1فیصد پی ایچ ڈی ڈاکٹر سے رائے لی گئی۔رپورٹ کے مطابق ملک میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد 14 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، ملک میں 2 لاکھ 30 ہزار کلومیٹر سے زائد فائبر نیٹ ورک موجود ہیں تاہم پاکستان کی آئی ٹی اور فری لانس برآمدات 3 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں ہیں۔پاکستان میں برانچ لیس والٹس کے صارفین کی تعداد 11 سے 12 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 77 فیصد پاکستانی اپنے پیشے کے انتخاب میں خود کو آزاد محسوس کرتے ہیں، 75 فیصد شہری کاروبار کرنے کی آزادی پر مثبت رائے رکھتے ہیں جبکہ 75 فیصد رائے دہندگان نے خواتین کے لیے ترقی کے مواقع پر اظہار اطمینان کیا۔جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی لیبر فورس 7 کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل ہے، 65 فیصد رائے دہندگان مذہبی آزادی اور مذہبی حقوق کے تحفظ سے مطمئن ہیں جبکہ پاکستان میں تقریبا چھ لاکھ مساجد، 36 ہزار مدارس، 2000چرچ اور سینکڑوں مندر اور گردوارے موجود ہیں