ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی میں پھوٹ ڈالنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، اس لیے پارٹی قیادت کو پہلے سے زیادہ اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک کے اعلان کے بعد پارٹی کی تمام سطحوں کی قیادت پر بڑی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایک منظم سازش کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کو آپس میں لڑوانا چاہتی ہے تاکہ کارکنان کنفیوژن کا شکار ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مضبوطی ہی جعلی حکمرانوں کی سیاسی موت کا پروانہ ہے، اس لیے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف اکسا کر بیان بازی کروائی جائے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے ہیں لیکن موجودہ حالات میں ان اختلافات کو پسِ پشت ڈالنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی کال پر لبیک کہنا ہر کارکن کی ذمے داری ہے اور سب کو مل کر انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ تحریک کامیاب ہو۔انہوں نے کارکنوں کو تلقین کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور پارٹی کی قیادت پر اعتماد رکھیں۔