پاکستان کے لیجنڈری میوزیکل بینڈ "اسٹرنگز" کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ امریکی ریاست نیویارک میں ہونے والے کنسرٹ میں فیصل کپاڈیہ نے اسٹرنگز کے کلاسک گانوں کی دلکش پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
کنسرٹ میں بڑی تعداد میں شائقین موجود تھے جنہوں نے ’سر کیے یہ پہاڑ‘، ’دھانی‘، ’دوستی‘، ’سجنی‘ جیسے لازوال گانوں پر جھومتے ہوئے فیصل کپاڈیہ کا بھرپور ساتھ دیا۔ مداحوں کا جوش اس بات کا ثبوت تھا کہ اسٹرنگز کی موسیقی آج بھی نوجوان نسل سمیت ہر عمر کے سامعین کو متاثر کر رہی ہے۔یاد رہے کہ 25 مارچ 2021 کو اسٹرنگز بینڈ نے 33 سالہ شاندار سفر کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فیصل کپاڈیہ، بلال مقصود، عدیل علی، حیدر علی، احمد نیانی اور بریڈلے ڈی سوزا پر مشتمل اس بینڈ نے 1980ء کی دہائی کے اختتام پر آغاز کیا اور جلد ہی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔اسٹرنگز کے بانی رکن اور معروف گٹارسٹ بلال مقصود نے بینڈ کی اختتامی خبر پر کہا تھا کہ وہ اور فیصل کپاڈیہ دونوں ہی ایک عجیب کیفیت سے گزر رہے ہیں، کیونکہ یہ صرف بینڈ کا اختتام نہیں بلکہ ایک دور کا خاتمہ تھا۔تاہم فیصل کپاڈیہ کا نیویارک میں کامیاب کنسرٹ اس بات کی گواہی ہے کہ اسٹرنگز کا سحر آج بھی زندہ ہے اور ان کی موسیقی آنے والی نسلوں تک رسائی حاصل کرتی رہے گی۔