پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بگ بیش لیگ (BBL) میں میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے بیٹنگ کے دوران انہیں واپس بلانے کے واقعے پر وضاحت پیش کی ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ "کسی بھی بات میں صداقت نہیں کہ میں بگ بیش لیگ چھوڑ کر واپس آ رہا ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ میچ میں کپتان کی بات ماننا کھلاڑی کا فرض ہوتا ہے اور ہمارے مذہب میں بھی امیر کی اطاعت کی تلقین کی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل میلبرن رینیگیڈز کے انتظامیہ نے رضوان کو بیٹنگ کے دوران ریٹائرڈ ہرٹ کر کے واپس بلانے پر معافی مانگی تھی۔ کپتان وِل سدرلینڈ نے کہا:"محمد رضوان اچھے کھلاڑی ہیں، میچ دلچسپ مرحلے میں تھا، تاہم میں اپنے رویے پر شرمندہ ہوں۔"ذرائع کے مطابق، میلبرن رینیگیڈز کے کپتان اور کوچ نے کھلاڑی سے ذاتی طور پر معذرت کی، جس کے بعد یہ تنازع ختم ہوگیا۔
محمد رضوان کا موقف واضح ہے کہ وہ ٹیم کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور کسی بھی موقع پر لیگ چھوڑنے یا واپسی کے بارے میں کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب بی بی ایل کے میچ میں رضوان کی کارکردگی پر تنقید کی گئی، تاہم انتظامیہ کی معذرت اور رضوان کی وضاحت نے معاملے کو حل کر دیا۔