لاہور (کرائم رپورٹر)بھاٹی گیٹ کے علاقے میں رشتہ سے انکار پر فائرنگ کے واقعے میں ایک نوجوان زخمی ہو گیاجبکہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان کو 8 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان کے والد نے ایک ہفتہ قبل اپنی بیٹی کے رشتہ کی ڈیمانڈ کی تھی۔ انکار پر ملزمان دھمکیاں دیتے رہے، جس کے بعد موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے عبداللہ نامی نوجوان کو زخمی کیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔اطلاع ملنے پر بھاٹی گیٹ پولیس نے زخمی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور فوری کارروائی کے نتیجے میں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او بھاٹی گیٹ زین عباس اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔