رشتہ دینے سے انکار، فائرنگ سے لڑکی کے والد سمیت تین افراد قتل

لواحقین نے لاشیں مین چوک یارو میں رکھ کر کوئٹہ چمن این 25 اہراہ بند کردی 
 کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان کے ضلع پشین میں رشتہ دینے سے انکار پر ایک ملزم نے فائرنگ کرکے لڑکی کے والد سمیت خاندان کے تین افراد کو قتل جبکہ ایک خاتون کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ  گزشتہ شام کو کوئٹہ سے متصل پشین کے علاقے یارو میں مین بازار کے قریب اس وقت پیش آیا جب پرویز کاکڑ نامی شخص مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ سے لڑکی کے والد ماسٹر محمد نسیم یوسفزئی، ان کے چچازاد بھائی شہریار یوسفزئی اور چاچی سدرہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ چچازاد بہن آمنہ زخمی ہوئیں جنہیں گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال پشین منتقل کر دیا گیا۔ایس پی پشین اطہر رشید کے مطابق ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی وجہ مبینہ طور پر رشتہ دینے سے انکار تھا اور لڑکی کا رشتہ پہلے ہی کراچی میں مقیم ایک نوجوان سے طے کیا جا چکا تھا جس پر ملزم نے اشتعال میں آ کر فائرنگ کی۔واقعے کے بعد لواحقین اور مقامی افراد نے لاشیں مین چوک یارو میں رکھ کر کوئٹہ۔چمن این 25 شاہراہ بند کردی