شرابی کی فائرنگ ، ایس ایچ او شہید

تصور شراب پی کر گلیوں میں فائرنگ کر رہا تھا، پولیس پہنچی تو مقابلہ ہوگیا۔گولی عامر رضوان کے سینے میں جا لگی 
بھاگٹانوالہ، سرگودھا (خصوصی رپورٹ)بھاگٹانوالہ کے تھانہ لکسیاں کے علاقے میں شراب کے نشے میں دھت شخص کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ایس ایچ او شہید ہوگیا۔ 15 پر شہری کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ تصور شراب پی کر گلیوں میں فائرنگ کر رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او لکسیاں عامر رضوان خان پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ملزم نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک گولی ایس ایچ او عامر رضوان خان کے سینے میں جا لگی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ فوری طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا منتقل کیا گیا، تاہم عامر رضوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔اطلاع ملنے پر ڈی پی او صہیب اشرف و دیگر افسر ہسپتال پہنچ گئے اور شہید کی میت وصول کی۔