گوگل کی ملکیت ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے کم عمر صارفین کے لیے پلیٹ فارم کو محفوظ اور تعمیری بنانے کے لیے والدین کے کنٹرولز میں مزید فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق والدین اب یہ طے کر سکیں گے کہ ان کے نوعمر بچے یوٹیوب شارٹس پر کتنا وقت گزار سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 15 منٹ، 30 منٹ، 45 منٹ، ایک گھنٹہ اور دو گھنٹے کے آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ والدین کو شارٹس فیڈ کو مکمل طور پر بند کرنے کا اختیار بھی حاصل ہو گا، جس کے ذریعے ایک دن کے لیے شارٹس دیکھنے کی سہولت روکی جا سکے گی۔نئے فیچرز میں عمر کے لحاظ سے موزوں اور تعلیمی مواد کے فروغ کے لیے رہنما اصول بھی شامل کیے گئے ہیں، جن کے تحت نوعمر صارفین کو خان اکیڈمی کڈز، کریش کورس کڈز اور ٹیڈ ایڈ جیسے تعلیمی چینلز کی ویڈیوز تجویز کی جائیں گی۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات یوتھ ایڈوائزری بورڈ، یو سی ایل اے کے سینٹر فار اسکالرز اینڈ اسٹوری ٹیلرز، امریکن سائیکالوجیکل ایسوسی ایشن اور بوسٹن چلڈرنز اسپتال کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں۔مزید برآں، والدین اب آسانی سے بچوں کے اکاؤنٹس بنا سکیں گے جو خودکار طور پر محفوظ سیٹنگز کے ساتھ ہوں گے، جبکہ موبائل ایپ میں چند کلکس کے ذریعے اکاؤنٹس تبدیل کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔یوٹیوب کے مطابق ان نئے فیچرز کا مقصد والدین کو زیادہ کنٹرول فراہم کرنا اور نوعمر صارفین کے لیے ایک محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول تشکیل دینا ہے۔