راجستھان: کانسٹیبل کی شادی میں مطلوب مجرموں کی شرکت، فوری برطرفی

راجستھان: کانسٹیبل کی شادی میں مطلوب مجرموں کی شرکت، فوری برطرفی

راجستھان پولیس کے ایک کانسٹیبل اشوک بشنوئی کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا، کیونکہ ان کی شادی کی تقریب میں خطرناک اور مطلوب ملزمان نے شرکت کی۔

 یہ اقدام سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد فوری طور پر کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق برطرف کیے گئے کانسٹیبل ضلع جھالاواڑ میں تعینات اسپیشل ٹیم کا حصہ تھے اور ان کی شادی ناگور میں ہوئی، جہاں راجستھان اور مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے متعدد مبینہ جرائم پیشہ افراد موجود تھے۔ ویڈیو میں بعض افراد دلہے کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں اور تقریب کے دوران نوٹ نچھاور کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق تقریب میں شریک افراد میں ایسے لوگ شامل تھے جو مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب یا زیرِ تفتیش ہیں، جن میں منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کے کیسز بھی شامل ہیں۔ بعض افراد کو متعلقہ اضلاع کی ’ٹاپ ٹین‘ فہرست میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

واقعے کی اطلاع پر ضلع جھالاواڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد کانسٹیبل کو فوری برطرف کیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ پولیس کی وردی اور ساکھ پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس حکام نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اہلکار اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان روابط کی نوعیت اور حد کیا تھی۔