2026 کو قائداعظم کا سال قرار دیا جائے گا :احسن اقبال

قائداعظم کی 150 ویں سالگرہ کو قومی سطح پر شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا:وفاقی وزیر
اسلام آباد (آن لائن)  وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے قائم نیشنل کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں 2026 میں قائداعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ منانے کے حوالے سے مختلف تقاریب پر تفصیل سے غور کیا گیا۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس موقع پر اعلان کیا کہ 2026 کو قائداعظم کا سال قرار دیا جائے گا اور ان کی 150 ویں سالگرہ کو قومی سطح پر شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے اصول "اتحاد، ایمان اور نظم" کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مربوط حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اس ضمن میں ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی جا رہی ہے جو پانچ دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔احسن اقبال نے قائداعظم کی زندگی اور قیام پاکستان کے لیے ان کے کردار پر مبنی معیاری ڈرامہ سیریز بنانے کا بھی اعلان کیا، تاکہ ان کے افکار اور وڑن کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے۔